پاکستان

دسمبر: ترسیلات زر میں 6 فیصد اضافہ، 3.1 ارب ڈالر رہیں

  • دسمبر 2023 میں 2.38 ارب ڈالر کے مقابلے میں رقم 29.3 فیصد زیادہ ہے
شائع January 10, 2025 اپ ڈیٹ January 10, 2025 10:45am

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 میں بیرون ملک مقیم کارکنوں کی ترسیلات زر 3.08 ارب ڈالر رہیں جو نومبر 2024 کے 2.92 ارب ڈالر کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں۔

ترسیلات زر گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 29.3 فیصد اضافے کے ساتھ 2.38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ترسیلات زرمالی سال 25 کے چھ ماہ میں سالانہ 33 فیصد اضافے کے ساتھ 17.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مالی سال 2024 کی اس مدت میں ترسیلات زر 13.4 ارب ڈالر تھیں۔

ترسیلات زر ملک کے بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر پر منحصر گھرانوں کی قابل استعمال آمدنی میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

گزشتہ ماہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ رواں مالی سال 25-2024 میں کارکنوں کی ترسیلات زر 35 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے جبکہ مالی سال 24 میں یہ رقم 30.25 ارب ڈالر تھی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر جمیل احمد نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال میں ترسیلات زر 35 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ جائیں گی۔

ترسیلات زر کا بریک ڈاؤن

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں سب سے زیادہ رقم بھیجی کیونکہ انہوں نے اس مہینے کے دوران 770.6 ملین ڈالر بھیجے۔ ماہانہ بنیادوں پر یہ رقم 6 فیصد زیادہ تھی لیکن گزشتہ سال کے اسی مہینے میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجے گئے 577.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ تھی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 2 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا، جو نومبر میں 619.4 ملین ڈالر سے دسمبر میں 631.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں تقریبا 51 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ترسیلات زر 419.2 ملین ڈالر تھیں۔

اس ماہ کے دوران برطانیہ سے ترسیلات زر کا حجم 456.9 ملین ڈالر رہا جو نومبر 2024 میں 409.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ برطانیہ سے سالانہ آمد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دریں اثنا، یورپی یونین کی جانب سے ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور یہ نومبر میں 323.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں 360.3 ملین ڈالر رہیں۔

دسمبر 2024 میں امریکہ میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 284.3 ملین ڈالر بھیجے جو کہ ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہے۔

Comments

200 حروف