مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی، ایک فلسطینی شہید
مقبوضہ مغربی کنارے کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ اس نے عسکریت پسندوں پر فائرنگ کی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے رات گئے جاری بیان میں کہا کہ 18 سالہ محمد مدحت امین عامر “بلاتہ کیمپ میں قابض فوج کی فائرنگ سے شہید ہوگیا ہے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق یہ چھاپہ جمعہ کی شب شروع ہوا جس کے بعد شدید جھڑپیں ہوئیں۔
فلسطینی خبر ایجنسی وفا نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوجیوں نے آوارتہ چیک پوائنٹ سے کیمپ میں داخل ہو کر گرد و نواح کی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر تعینات کر دیے۔
ہفتہ کو ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران جہادیوں نے علاقے میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تاکہ (فوجی) اہلکاروں کو نقصان پہنچا سکیں، فورسز پر آتش گیر مادہ پھینکا گیا جبکہ سنگ باری بھی کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ خطرات کو کم کرنے کیلئے عسکریت پسندوں کو ہدف بناکر فائرنگ کی گئی۔
Comments