وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اعلیٰ سطح چینی وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی ہب مس اسکارلٹ اور ڈپٹی سی ای او ہواوے مسٹر یو رے شامل تھے۔ ملاقات میں چینگ ڈو نے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور اصولی منظوری دی۔
ای ٹیکسی سروس جلد چینگڈو کے تعاون سے شروع کی جائے گی۔ ایک چینی کمپنی لاہور نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ”کمپیوٹنگ سینٹر“ بھی قائم کرے گی۔ ملاقات میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پنجاب حکومت ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر کے قیام کے لیے زمین اور عمارت فراہم کرے گی۔اس موقع پر پاکستان کا پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو دنیا بھر میں آن لائن ٹریڈنگ کی تربیت بھی فراہم کرے گی۔ چین کے تعاون سے لاہور میں اسمارٹ کنٹرول روم، اسمارٹ ٹریفک کنٹرول، اسمارٹ ٹرانسپورٹ، اسمارٹ سینی ٹیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے۔
پنجاب کی وزیر اعلیٰ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور وفد کو چین کے دورے کے دوران جدید ترین ڈیجیٹل سینٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیز ٹو کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے ایک جدید اے آئی انڈسٹری سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔
چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے بھی معاونت فراہم کرے گی۔ فیز تھری میں صنعتوں کے قیام کیلئے مقامی سرمایہ کاری میں معاونت کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے روشناس کرانے کے لئے تعاون کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم چین کے تعاون سے پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا سب سے بڑا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ پنجاب جلد ہی خطے میں آئی ٹی کا مرکز بن جائے گا اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments