وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (ریمٹ) اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس کا مقصد ریونیو موبلائزیشن، سرمایہ کاری کے ماحول، تجارت اور میکرو اکانومی کے حوالے سے کمیٹی کے سابقہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال اور پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ، وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار، سرمایہ کاری بورڈ، ایف بی آر اور ریمٹ کے عملدرآمد پارٹنرز ورلڈ بینک، جی سی ایس آئی اور اے ایس آئی سمیت اہم حکومتی وزارتوں کی اعلیٰ قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔

کمیٹی نے مختلف شعبوں میں اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانے اور اعلی اور پائیدار جامع ترقی کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی۔

جن شعبوں کا جائزہ لیا گیا ان میں محصولات کو متحرک کرنا، تجارت، سرمایہ کاری کا ماحول اور میکرو اکنامک گورننس شامل ہیں، جن میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے پروگرام کی مجموعی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس پر عمل درآمد کرنے والے شراکت داروں کے درمیان زیادہ فعال اور مربوط نقطہ نظر اپنانے پر زور دیا۔

انہوں نے پروگرام کے مقاصد کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مینجمنٹ اور مانیٹرنگ ٹولز کے موثر استعمال پر زور دیا۔

وزیر موصوف نے سرگرمیوں اور ترسیلات کی پیشرفت کی نگرانی کے لئے اپنے ذاتی عزم پر بھی زور دیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پروگرام ٹریک پر رہے۔

Comments

200 حروف