امریکہ نے یوکرین کو 3.4 ارب ڈالر کی اضافی بجٹ امداد بھیجی ہے، جو جنگ سے متاثرہ ملک کو اہم وسائل فراہم کرے گی جس کے شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر روس کے حملے تیز ہو رہے ہیں۔ یہ بات امریکی وزیر خزانہ جینیٹ یلین نے پیر کے روز بتائی ہے۔

جینیٹ یلین نے ایک بیان میں کہا کہ یہ براہ راست بجٹ امداد، جو امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) اور وزارت خارجہ کے تعاون سے فراہم کی گئی، 2024 کے یوکرین سیکورٹی سپلیمنٹری اپروپریشنز ایکٹ کے تحت آخری ادائیگی تھی۔

ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ اس فنڈنگ کے بعد یوکرین کو امریکی بجٹ امداد کا مجموعی حجم فروری 2022 میں روس کے حملے کے بعد 30 ارب ڈالر سے زائد ہو گیا ہے۔ ان فنڈز کا بیشتر حصہ یوکرین کی حکومت کو چلانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جیسے اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا۔

پیر کے دن قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 2.5 ارب ڈالر کی اضافی سیکورٹی امداد کا اعلان کیا جو براہ راست بجٹ امداد سے الگ ہے۔

جنگ کے تقریباً 3 سال بعد واشنگٹن نے یوکرین کے لیے کل 175 ارب ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ 20 جنوری کو نومنتخب ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل یوکرین کے لیے حمایت بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ انہوں نے فوجی امداد پر عوامی سطح پر سوال اٹھائے تھے اور عہدہ سنبھالنے کے 24 گھنٹوں کے اندر یوکرین جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ تقریبا تین سال سے جاری یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کریں۔ ان کے کچھ ساتھی ریپبلکنز، جو اگلے ماہ سے امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کو کنٹرول کریں گے، نے بھی کیف کو مزید امداد بھیجنے کے بارے میں سرد مہری کا اظہار کیا ہے۔

یلین نے کہا کہ یوکرین کے لئے معاشی امداد جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ سرکاری خدمات کو برقرار رکھ سکے اور اپنی خودمختاری کا دفاع جاری رکھ سکے۔

انہوں نے ماسکو پر پابندیوں کے ذریعے دباؤ جاری رکھنے اور یوکرین کو منصفانہ امن کے حصول میں مدد دینے کا عہد کرتے ہوئے کہا، “یوکرین کی کامیابی امریکہ کے بنیادی قومی مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کوشش میں پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ یوکرین کے لیے امریکی بجٹ امداد ہمیشہ اور اب بھی ایسے اصلاحات سے مشروط رہی ہے، جن کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کرنا، حکومتی اداروں کی شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا اور بدعنوانی کے خلاف کوششوں کو تقویت دینا ہے۔

تازہ ترین فنڈنگ اس 50 ارب ڈالر کے گروپ آف سیون کے قرض کے تحت یوکرین کے لیے امریکہ کے 20 ارب ڈالر کے حصے کے علاوہ آئی ہے، جسے خزانہ نے اس ماہ کے شروع میں ورلڈ بینک کے ایک ثالثی فنڈ میں منتقل کیا تھا۔ یہ فنڈز منجمد روسی خودمختار اثاثوں پر حاصل ہونے والے منافع سے پشتیبانی حاصل کرتے ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے دفاعی محکمہ سے یوکرین کو اسلحے کی ترسیل میں اضافے کی درخواست کی ہے، اس کے بعد انہوں نے روس کے کرسمس ڈے پر یوکرین کے توانائی کے نظام اور بعض شہروں پر حملے کی مذمت کی۔

Comments

200 حروف