انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ بھارت اگلے سال کی چیمپئنز ٹرافی کے میچز نیوٹرل گراؤنڈ پر کھیلے گا کیونکہ اس نے ٹورنامنٹ کے میزبان اور اپنے روایتی حریف پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کئی ہفتوں کی بحث کے بعد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ2024 سے 2027 تک پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز ، چاہے میزبان دونوں میں سے کوئی بھی ہو، نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ فارمولے کا اطلاق آئندہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 (میزبان پاکستان) کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 (میزبان بھارت) اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 (میزبان بھارت اور سری لنکا) پر بھی ہوگا۔

آئی سی سی نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پی سی بی کو 2028 میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق دیے گئے ہیں، جہاں نیوٹرل وینیو انتظامات کا اطلاق بھی ہوگا۔

کرکٹ آسٹریلیا 2029 سے 2031 کے دوران آئی سی سی خواتین کے ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں پر مشتمل آٹھ ملکی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پی سی بی مکمل طور پر تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے 76 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پہلے دن سے ہی کرکٹ بورڈ کی توجہ پاکستان اور کرکٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام تیاریاں مکمل طور پر جاری ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن ٹورنامنٹ سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے انتھک کام کر رہی ہیں کہ اسٹیڈیم بین الاقوامی معیار پر پورا اتریں۔

پریس ریلیز کے مطابق گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چیئرمین کے اصولی موقف کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بین الاقوامی ٹیموں کو اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جسے لاکھوں لوگ پسند کرتے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اسے سیاست سے پاک رہنا چاہیے۔

اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین، پی سی بی کے سی او او سمیر احمد، سی ایف او جاوید مرتضیٰ، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Comments

200 حروف