غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری ہے جس میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
منگل کو غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں سے کم از کم 10 ایک ہی گھر میں مارے گئے، طبی ذرائع کے مطابق ٹینک رفاہ کے مغربی علاقے کی طرف مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔
طبی ذرائع کے مطابق غزہ شہر کے داراج علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے نے ایک گھر کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ شہر اور علاقے کے شمال میں واقع قصبے بیت لاہیا میں دو الگ الگ فضائی حملوں میں 4 دیگر افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مصر کی سرحد کے قریب رفح میں اسرائیلی ٹینکوں نے مغربی علاقے مواصی کی جانب پیش قدمی کی جو کہ ایک انسانی ہمدردی کے لیے مخصوص علاقے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
علاقے میں ٹینکوں سے اٹھنے والی شدید آگ نے وہاں پناہ لینے والے درجنوں خاندانوں کو شمال کی طرف بھاگنے پر مجبور کردیا۔
یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی جب فلسطینی گروپ حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر شہری شامل تھے، اور 250 سے زیادہ افراد کو اغوا کر کے غزہ لے جایا گیا۔
حکام کے مطابق اس کے بعد اسرائیل نے فضائی اور زمینی حملے شروع کیے جس کے نتیجے میں 45 ہزارسے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر شہری شامل ہیں۔
Comments