میٹا پلیٹ فارمز نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری فنڈ میں 1 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ یہ بات کمپنی کے ترجمان نے روئٹرز کو جوابی ای میل میں بتائی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل، جس نے سب سے پہلے یہ خبر دی، نے کہا کہ یہ عطیہ سی ای او مارک زکربرگ اور میٹا کی سابقہ پالیسی سے انحراف ہے۔

مارک زکربرگ نے اس سال کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ یا جو بائیڈن میں سے کسی ایک کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا، جو بائیڈن کے ڈیموکریٹک امیدوار کی حیثیت سے مستعفی ہونے اور کملا ہیرس کی جگہ لینے سے پہلے ہوا تھا۔

تاہم ارب پتی سی ای او نے 13 جولائی کو ہونے والے قاتلانہ حملے پر ٹرمپ کے رد عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی بہادری کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے یہ بیان کنزرویٹو پارٹی کے ووٹرز سے اپیل کرتے ہوئے دیا تھا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق زکربرگ نے نومبر کے اواخر میں انتخابات کے بعد ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، اخبار کے مطابق یہ ملاقات میٹا باس کی جانب سے ٹرمپ کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنے کی تازہ ترین کوشش تھی۔

ٹرمپ اور زکربرگ کی میٹا کمپنی کے درمیان 2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

نومنتخب صدر نے میٹا پر الزام عائد کیا کہ وہ ایسے مواد کو دبا رہی ہے جو بائیڈن کو 2020 کے انتخابات میں نقصان پہنچا سکتے تھے اور انہوں نے انتخابی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے زکربرگ کے عطیات پر بھی تنقید کی۔

میٹا نے جنوری 2021 کے کیپیٹل ہل فسادات کے بعد ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو تقریبا دو سال کے لیے معطل کر دیا تھا۔

Comments

200 حروف