جاپان نے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کیلئے 3.1 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد اورل پولیو ویکسین کی خریداری ہے۔
پاکستان یہ فنڈز 2025 میں پولیو مہم کے لیے 20.22 ملین سے زائد ویکسین ڈوز خریدنے کے لیے استعمال کرے گا۔
ملک میں رواں سال اب تک پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ان میں سے 26 کا تعلق بلوچستان، 16 کا خیبر پختونخوا، 15 کا سندھ ایک کا تعلق پنجاب اور ایک کا اسلام آباد سے ہے۔
پاکستان پولیو ایریڈیکیشن پروگرام (پی پی ای پی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی فنڈنگ جاپان کی جانب سے 1996 سے پولیو خاتمے کے پروگرام کی مسلسل حمایت کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اب تک جاپان کی جانب سے یونیسیف کے ذریعے پاکستان میں پولیو پروگرام کی معاونت کیلئے 24 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی گرانٹ اور قرضے دیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان نے سیلاب، کووڈ اور دہشت گرد حملوں جیسی رکاوٹوں کے باوجود تقریبا 30 سال تک پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کی ہے۔
جاپان کے ناظم الامور شوئچی تاکانو نے کہا کہ چونکہ اس سال جاپان کے او ڈی اے کی پاکستان میں 70 ویں سالگرہ ہے، ہم پاکستان میں پولیو ویکسینیشن سمیت معمول کے حفاظتی ٹیکوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم کی تجدید کرنا چاہتے ہیں۔
پی پی ای پی نے کہا کہ ملک میں پولیو کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر حکومت پاکستان اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر 2025 میں ایک وسیع اور اسٹریٹجک ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے جس کا مقصد بچوں میں اس بیماری کو ختم کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر قومی ویکسی نیشن مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 45.4 ملین سے زائد بچوں کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے جن میں سے 400,000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز، جن میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں، پولیو پروگرام کی رسائی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔“
Comments