پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک ایم سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے محمد نعمان چغتائی کو بینک کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے۔
ایم سی بی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بدھ کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ایم سی بی بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او کی حیثیت سے شعیب ممتاز کی موجودہ مدت 20 دسمبر 2024 کو پوری ہورہی ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 11 دسمبر 2024 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں محمد نعمان چغتائی کو بینک کا صدر اور سی ای او تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
بینک کے مطابق یہ تقرری اسٹیٹ بینک کی جانب سے نعمان چغتائی کے فٹ اینڈ پراپر ٹیسٹ (ایف پی ٹی) کی منظوری سے مشروط ہے۔
ایم سی بی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق نعمان چغتائی اس وقت ایم سی بی میں رسک مینجمنٹ گروپ کے گروپ ہیڈ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایم سی بی بینک لمیٹڈ کے ماتحت ادارے ایم سی بی بینک لیزنگ آذربائیجان کے بورڈ میں بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔
نعمان چغتائی رسک مینجمنٹ اور کارپوریٹ بینکاری میں مقامی اور غیر ملکی بینکوں میں 25 سال سے زائد پیشہ ورانہ بینکاری کا تجربہ رکھتے ہیں۔
نوٹس کے مطابق موجودہ صدر کی مدت ختم ہونے پر یعنی 20 دسمبر 2024 کو نعمان چغتائی قائم مقام صدر کا چارج بھی سنبھالیں گے۔
یہ عہدہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ کی مدت یا اسٹیٹ بینک کی جانب سے فٹ اینڈ پراپر ٹیسٹ کی کلیئرنس تک، جو بھی پہلے ہو کیلئے ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے سبکدوش ہونے والے صدر اور سی ای او شعیب ممتاز کی 20 دسمبر 2024 کو مدت ملازمت مکمل ہونے پر ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments