وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کے 8 روزہ سرکاری دورے پر آج اتوار کو روانہ ہو ں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 8 سے 15 دسمبر تک چین کا سرکاری دورہ کرینگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت 10 رکنی اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیجنگ، شنگھائی، شینزین اور گوانگژو کے دورے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سی پی سی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر لیو جیانژو سے بھی ملاقات کریں گی۔ نائب وزیر سن ہائیان ان کے اعزاز میں ظہرانے کی میزبانی کریں گی۔ وہ وزیر ماحولیات سمیت سی پی سی کی مرکزی قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف شیجیا چوانگ اسپتال کا دورہ کریں گی اور انہیں چین میں صحت عامہ کے نظام پر بریفنگ دی جائے گی۔ وہ بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ، سائنس پارک، ماحولیاتی بہتری کی ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور جدید سائنسی طریقوں کے استعمال سے متعلق اداروں کا بھی دورہ کریں گی۔

مریم نواز درآمدی اشیا کی نمائش میں شرکت کریں گی۔ سی پی سی سینٹرل کانگریس اور میوزیم کا دورہ کریں گے۔ وہ ایک پرائمری اسکول کا بھی دورہ کریں گی اور انہیں چین کے تعلیمی نظام کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ پنجاب چائنا ڈنر اور پنجاب انویسٹمنٹ کانفرنس بھی دورے کے شیڈول میں شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف جیانگ ڈونگ رینیو ایبل انرجی سہولت کا دورہ کریں گی اور چین کے قابل تجدید توانائی کے نظام کا جائزہ لیں گی۔ وہ ہوائی ٹیکنالوجیز فیکٹری کا بھی دورہ کریں گی۔ دورے میں چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا جبکہ چین اور پنجاب حکومت کے درمیان باہمی تعاون اور معاشی تعلقات بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف