وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) میں ڈائریکٹر جنرل برائے انسانی و ترقیات میلنڈا بوہنن کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔

میلنڈا بوہنن کے ساتھ ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر جو مور اور سینئر اکانومسٹ لوئی ڈین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وفد کو حکومت کے استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نجکاری کے ایجنڈے، وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ، پنشن اصلاحات اور سرکاری اداروں (ایس او ایز) میں اصلاحات سمیت اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 25 ء کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس محصولات میں 25.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

میلنڈا بوہنن نے حکومت کے جامع اصلاحاتی پروگرام کو سراہا اور ایف سی ڈی او کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے ورلڈ بینک کے ساتھ آئندہ دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے بارے میں تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس فریم ورک میں داخل ہونے والا پہلا ملک ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فریم ورک آبادی میں اضافے، بچوں کی نشوونما اور موسمیاتی تبدیلی سمیت موجودہ چیلنجوں سے نمٹے گا، جو پائیدار ترقی کے لئے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

وزیر خزانہ اور میلنڈا بوہنن دونوں نے اصلاحات کے لئے ایک ذمہ دار اور فعال نقطہ نظر اپنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ آخر میں وفاقی وزیر نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ اصلاحاتی اقدامات دیرپا اثرات حاصل کریں اور پاکستان کی طویل مدتی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Comments

200 حروف