اڈانی کے ساتھ کاروبار روک دیا،امریکی تحقیقات کا علم نہیں تھا،ٹوٹل انرجیز
فرانسیسی تیل کمپنی ٹوٹل انرجیز ایس ای کو اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ میں ممکنہ رشوت ستانی اور بدعنوانی کے بارے میں امریکی تحقیقات کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا،کمپنی نے پیر کو کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے فرد جرم عائد ہونے کے بعد اڈانی گروپ کی سرمایہ کاری میں مالی تعاون روک دے گی۔
ٹوٹل انرجیزمجموعی طور پر اڈانی گرین انرجی میں 20 فیصد حصص رکھتی ہے اورہندوستانی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزمیں اس کی ایک نشست ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جب تک اڈانی گروپ کے افراد کے خلاف الزامات اوران کے نتائج کی وضاحت نہیں کی جاتی، ٹوٹل انرجیز اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں اپنی سرمایہ کاری کے حصے کے طور پر کوئی نیا مالی تعاون نہیں کرے گی۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ٹوٹل انرجیزکو مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا گیا’۔
امریکی استغاثہ نے جمعرات کو آٹھ افراد پرالزام عائد کیا ہے جن میں بھارتی ٹائیکون گوتم اڈانی، ان کے بھتیجے ساگر اڈانی اور اڈانی گرین انرجی کے سابق سی ای او شامل ہیں جنہوں نے جولائی 2021 سے 2024 کے درمیان کاروباری فوائد کے لیے بھارتی حکام کوغلط ادائیگیاں کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
فرانسیسی فرم نے جنوری 2021 میں اڈانی گرین انرجی میں اس وقت حصص خریدا تھا جب ہندوستانی کمپنی نے اس وقت کا دنیا کا سب سے بڑا سولر آرڈر جیتا تھا اور چند ماہ پہلے عہدیداروں کو ادائیگی شروع کردی تھی ۔
ٹوٹل انرجی اڈانی ٹوٹل گیس لمیٹڈ میں 37.4 فیصد حصص کے ساتھ ساتھ اڈانی گرین انرجی کے ساتھ 3 قابل تجدید مشترکہ منصوبوں میں 50 فیصد حصص کا مالک ہے۔
ایف بی آئی کی جانب سے ساگراڈانی کو تلاشی کے وارنٹ جاری کرنے اوراڈانی گرین انرجی سے متعلق ثبوت ضبط کرنے کے بعد ان میں سے2 مشترکہ منصوبے شروع کیے گئے تھے۔
ٹوٹل انرجیزنے بھارت کو اپنے قدرتی گیس اورقابل تجدید توانائی کے کاروبار دونوں کو ترقی دینے کے لئے ایک بنیادی مارکیٹ قراردیا ہے ۔ ہیٹ ویو اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے نتیجے میں 2020/21 کے (کورونا) وبائی سال کے بعد بھارت کی بجلی کی پیداوارمیں سالانہ اوسطاً 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ہر بڑی عالمی معیشت میں بجلی کی طلب میں اضافے سے زیادہ ہے۔
فرانسیسی فرم نے بار بار اڈانی گروپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو ”اسٹریٹجک اتحاد“ کے طور پر بیان کیا ہے – ٹوٹل کے آپریشنل قابل تجدید پورٹ فولیو کا 25 فیصد اڈانی ونڈ اور شمسی اثاثوں میں اس کے حصص سے آتا ہے۔
برنسٹین ریسرچ کے تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ اڈانی کمپنیوں کو ٹوٹل انرجیز کی مالی سرمایہ کاری 4-5 بلین ڈالرکے درمیان ہے، یا سرمایہ کا تقریباً 3 فیصد ہے۔
پیرکو ٹوٹل انرجیزکے حصص میں 0.42 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔
Comments