پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر حکومت کی جانب سے اسلام آباد کی حفاظت کے عزم کے بعد اتوار کے روز ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ خدمات میں صارفین کو تعطل کا سامنا ہے۔
اسلام آباد سے کراچی تک انٹرنیٹ صارفین انٹرنیٹ میں خرابی، خاص طور پر موبائل انٹرنیٹ سے متعلق خرابیوں کے بارے میں شکایات کررہے ہیں جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہریوں کو بھی اسی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک بھر میں واٹس ایپ صارفین کو واٹس ایپ ویب کنیکٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ملٹی میڈیا پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے میں اہم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
گلوبل انٹرنیٹ مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے بھی پاکستان میں متعدد انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کے ذریعے واٹس ایپ سروسز کی عدم دستیابی کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے ہ انٹرنیٹ خدمات میں یہ تعطل ایسے موقع پر سامنے آرہا ہے جب پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے جس کا مقصد پارٹی کی جانب سے عمران خان کی رہائی سے متعلق حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے جو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں۔
ہفتے کے روز وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انٹرنیٹ اور سیلولر سروس کی معطلی صرف ان علاقوں تک محدود ہوگی جہاں بہت زیادہ سیکورٹی خدشات ہیں۔
پاکستان میں رواں برس کے آغاز کے بعد سے انٹرنیٹ میں تعطل کا سامنا رہا ہے جبکہ ملک میں ایکس گزشتہ 9 ماہ سے بلاک ہے۔
Comments