ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر لوکاشینکو شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئربیس پر 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔

وفد میں بیلاروس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر انصاف، وزیر ٹرانسپورٹ، وزیر قدرتی وسائل، وزیر برائے ہنگامی امور اور ملٹری انڈسٹری کمیٹی کے چیئرمین شامل تھے۔ بیلاروس سے تعلق رکھنے والی 43 ممتاز کاروباری شخصیات بھی وفد کا حصہ ہیں۔

محسن نقوی نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف اور وزیر توانائی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے وفد کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اہم ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے اور اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان صنعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

Comments

200 حروف