امریکی استغاثہ کے مطابق بھارتی کاروباری گروپ اڈانی گروپ کے ارب پتی چیئرمین اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل گوتم اڈانی نیو یارک میں 265 ملین ڈالر کی رشوت اسکیم میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کررہے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے ساگر اڈانی سمیت 7 دیگر مدعا علیہان نے اپنی قابل تجدید توانائی کمپنی کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے بھارتی حکام کو ادائیگیوں پر رضامندی ظاہر کی تھی جس سے 20 سال میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا منافع حاصل ہونے کی توقع ہے۔

عدالتی ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ ایک جج نے گوتم اڈانی اور ساگر اڈانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور استغاثہ ان وارنٹس کو غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سونپنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

استغاثہ نے یہ بھی کہا کہ اڈانی خاندان اور اڈانی گرین انرجی کے سابق سی ای او ونیٹ جین نے اپنی بدعنوانی کو قرض دہندگان اور سرمایہ کاروں سے چھپاتے ہوئے 3 ارب ڈالر سے زائد کے قرضے اور بانڈز حاصل کیے۔

گوتم اڈانی، ساگر اڈانی اور ونیٹ جین پر سیکیورٹیز فراڈ، سیکیورٹیز فراڈ کی سازش اور وائر فراڈ کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ اڈانی خاندان پر امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ایک سول کیس میں بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اڈانی ایمپائر کے لیے نتائج فوری طور پر سامنے آئے، جو فروری 2023 میں شارٹ سیلرز کے حملے سے ہلچل میں آ گیا تھا،گروپ کی فہرست میں شامل کمپنیوں کے شیئرز میں 10 فیصد سے 20 فیصد تک کی کمی آئی۔

اڈانی گرین انرجی نے جمعرات کو 600 ملین ڈالر مالیت کے امریکی ڈالر میں طے شدہ بانڈز جاری کرنے کے اپنے منصوبے بھی منسوخ کر دیے۔

بانڈ کی قیمت مقرر کی جا چکی تھی لیکن اس خبر کے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔

اڈانی کے ڈالر بانڈز ایشیائی ٹریڈنگ میں گرگئے، جہاں اڈانی پورٹس اور اسپیشل اکنامک زون کے بانڈز کی قیمتوں میں 3 سے 5 سینٹ کی کمی آئی۔

یہ گراوٹ فروری 2023 میں شارٹ سیلرز کے حملے کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرز میں سب سے بڑی کمی ہے۔

فرد جرم کے مطابق، کچھ سازشیوں نے نجی طور پر گوتم اڈانی کو ”نمبر ون“ اور ”بڑا آدمی“ کے کوڈ ناموں کے ساتھ حوالہ دیا، جبکہ ساگر اڈانی نے مبینہ طور پر رشوت کے بارے میں تفصیلات کو ٹریک کرنے کے لئے اپنے سیل فون کا استعمال کیا۔

اڈانی گروپ نے تبصرے کے لیے کی جانے والی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

گوتم اڈانی، ساگر اڈانی اور ونیٹ جین پر سیکیورٹیز فراڈ، سیکیورٹیز فراڈ کی سازش اور وائر فراڈ کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ اڈانی خاندان کے خلاف امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے سول کیس میں بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پانچ دیگر مدعا علیہان پر امریکی اینٹی رشوت ستانی قانون، فارن کرپٹ پریکٹسز ایکٹ کی خلاف ورزی کی سازش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ چار ملزمان پر انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

امریکی وکیل بریون پیس کے ترجمان نے کہا کہ کوئی بھی ملزم حراست میں نہیں ہے، اور گوتم اڈانی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بھارت میں ہیں۔

آسٹریلیا کی فہرست میں شامل سرمایہ کاری فرم جی کیو جی پارٹنرز کے حصص میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ گراوٹ تین سال پہلے درج ہونے کے بعد اسٹاک کی سب سے بڑی ایک دن کی گراوٹ تھی۔

جی کیو جی نے پچھلے سال اڈانی انٹرپرائزز کا 3.4 فیسد، اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون کا 4.1 فیصد، اڈانی ٹرانسمیشن کا 2.5 فیصد اور اڈانی گرین انرجی کا 3.5 فیصد خریدا تھا۔

اس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ان الزامات کی نگرانی کررہا ہے۔

فوربز میگزین کے مطابق 62 سالہ گوتم اڈانی کی دولت 69.8 ارب ڈالر ہے۔ وہ ان چند ارب پتی افراد میں سے ایک ہیں جن پر امریکہ میں باضابطہ طور پر مجرمانہ غلط کاموں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

Comments

200 حروف