وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے اعتراف کیا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ٹیکس کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں دستاویزی شعبے کیلئے ٹیکس کی شرح کم کرنے کی پوزیشن میں آجائے گی۔
یہ بات انہوں نے پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی (پی سی پی) کے زیر اہتمام منعقدہ کارپوریٹ فلانتھراپی ایوارڈز 2024 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر نے ایک تجویز کے جواب میں کہا کہ وہ نجی شعبے کو فلاحی سرگرمیوں میں مزید پیش رفت کی حوصلہ افزائی کے لیے اس مقصد کے حامی بننے کی کوشش کریں گے اور کچھ عملی مراعات فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس کی شرح نافذ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور یقیناً دستاویزی شعبے پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کی پوزیشن میں آ جائیں گے اور یہی وہ وقت ہے جب آپ کارپوریٹس کو بھی اس ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے ٹھوس ترغیب دے سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بطور وزیرِاعظم کی کابینہ کے رکن، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت آپ کے کاروبار کو درپیش اقتصادی چیلنجز، چاہے وہ ٹیکس کے مسائل ہوں یا توانائی کے شعبے کے، سے پوری طرح واقف ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے حکومت اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے، پاکستان میں زیادہ پائیدار ترقی کے مواقع سامنے آئیں گے۔
ابتدائی بحالی کے آثار، جیسے کہ نمایاں طور پر کم ہوتی ہوئی مہنگائی، مستحکم شرح تبادلہ، فعال سپلائی لائنز، بہتر کریڈٹ ریٹنگز وغیرہ، یہ سب درست سمت میں پیش رفت کی واضح نشانیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی پی مثبت تبدیلی کی قوت کے طور پر فلاحی کاموں کا وعدہ کرنے کے غیر متزلزل عزم پر تمام تعریفوں کا مستحق ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجتماع کارپوریٹ سیکٹر اور سول سوسائٹی کے مابین تعاون کی تبدیلی کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔
پرویز ملک نے مزید کہا کہ آج کے تیز رفتار بدلتے ہوئی دنیا میں کارپوریٹ فلانتھراپی کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ وزیر نے کہا کہ آپ کاروبار کے طور پر وسائل، جدت اور نیٹ ورک کا فائدہ اٹھا کر پائیدار اور جامع ترقی کو آگے بڑھانے کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ اپنی فلاحی سرگرمیوں کو کمیونٹی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرتے ہیں، تو آپ محض کارپوریٹ ذمہ داری پوری نہیں کرتے بلکہ آپ کی یہ کاوشیں زندگیوں کو بلند کرتی ہیں، کمیونٹیز کو مضبوط کرتی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستانی عزم اور سخاوت کی طاقت کو اجاگر کرتی ہیں۔
پی سی پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ظفر اے خان نے حکومت اور سول سوسائٹی کی پائیدار ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں کارپوریٹ فلانتھراپی کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کی سروے رپورٹ میں ملک میں مختلف سماجی سرمایہ کاری کے لئے کاروباری برادری کے قابل قدر تعاون پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
پی سی پی کی تازہ ترین کارپوریٹ فلاحی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کاروباری اداروں نے 2023 میں مختلف سماجی کاموں کے لئے مجموعی طور پر 23.65 ارب روپے کا عطیہ دیا، جو 2022 میں 16.76 ارب روپے سے نمایاں اضافہ ہے۔ کاروباری شعبے کی اس شراکت کے اعتراف میں پی سی پی نے کارپوریٹ فلانتھراپی ایوارڈز 2024 کا انعقاد کیا۔
ایوارڈ کی تقریب میں پی سی پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ظفر اے خان، چیئرپرسن پی سی پی ریسرچ کمیٹی ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ، پی سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ مقصود امجد اور معروف کارپوریٹ فرموں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
پی سی پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے رپورٹ کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک لسٹڈ کمپنیوں (پی ایل سیز) نے سب سے زیادہ 17.69 ارب روپے کا حصہ ڈالا جبکہ پبلک ان لسٹڈ کمپنیوں (پی یو سیز) اور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں (پی وی ایل سیز) نے بھی بالترتیب 2.60 ارب روپے اور 3.36 ارب روپے کا نمایاں حصہ ڈالا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2022 کے سیلاب کے دوران کارپوریٹ سیکٹر کی رفاحی امداد میں نمایاں اضافہ ہوا، بینک الفلاح لمیٹڈ، ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے بالترتیب 2180 ملین روپے، 500 ملین روپے اور 468 ملین روپے عطیہ کیے۔
وزیر مملکت براے خزانہ و محصولات نے عطیات کی مقدار اور منافع سے پہلے کے تناسب کی بنیاد پر سرفہرست 18 کمپنیوں کو ایوارڈز پیش کئے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں میں ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، سانگھڑ شوگر ملز لمیٹڈ، غنی ویلیو گلاس لمیٹڈ، غنی گلاس لمیٹڈ، یونس ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، وائی بی پاکستان لمیٹڈ، نوواٹیکس لمیٹڈ، غنی سیرامکس لمیٹڈ، اجارا کیپٹل پارٹنرز لمیٹڈ، گرین ہاؤس لمیٹڈ، باریٹ ہاڈگسن پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، یو ایس ڈینم ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ڈائمنڈ پینٹ انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، الریاض ایجنسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اور رومی انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments