وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکیہ کے سفیر نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی جس کے دوران اورنگزیب نے پاکستان میں ان کی سفارتی ذمہ داریوں پر ان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے موجودہ حجم کو بڑھانے کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے گزشتہ ماہ واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک گروپ / آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 2024 کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں ترکیہ کے وزیر خزانہ محمت سمسک کے ساتھ اپنی ملاقات کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ترکیہ کے تجربے سے سیکھ سکتا ہے اور انہوں نے ترک فرموں کو پاکستانی ہم منصبوں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند مشترکہ منصوبوں میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

عرفان نزیر اوغلو نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے میکرو اکنامک استحکام کی تعریف کی۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنے مکمل عزم اور حمایت کا یقین دلایا۔

Comments

200 حروف