وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اے پی ایم ٹرمینلز کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا خیر مقدم کیا اور گروپ کو سہولت فراہم کرنے اور انہیں یکساں اور سرمایہ کاری دوست ماحول فراہم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے یہ بات اے پی ایم ٹرمینلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیتھ سوینڈسن سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف، ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر شعیب سرور، اے پی مولر مارسک سنگاپور کے منیجنگ ڈائریکٹر رین پائل پیڈرسن، اے پی مولر مارسک گروپ کے ایس وی پی احمد حسن اور اے پی ایم ٹرمینلز کے ہیڈ آف پورٹ فولیو اسٹریٹجی سینڈر ریمرسما نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں حکومت پاکستان اور ڈنمارک کی حکومت کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانا اور گرین اینڈ پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) سرمایہ کاری کو فروغ دے کر پائیدار اقتصادی ترقی کو تیز کرنا ہے۔

کیتھ سوینڈسن نے وفاقی وزیر کو اے پی ایم ٹرمینلز کے بزنس پورٹ فولیو اور پاکستان میں بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی تاکہ محصولات میں اضافہ اور علاقائی تجارت اور رابطوں میں بہتری لائی جا سکے۔

Comments

200 حروف