اسرائیلی افواج نے پیر کے روز غزہ کے وسطی علاقے میں ایک نئی پیش قدمی کے طور پر غزہ کے نصرات کیمپ کے مغربی حصے میں ٹینک بھیجے اور فلسطینی طبی عملے کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 11 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کے آٹھ تاریخی پناہ گزین مقامات میں سے ایک کیمپ کے اس حصے میں داخل ہوتے ہی فائرنگ کی جس سے آبادی اور بے گھر خاندانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک رہائشی، زیک محمد نے کہا کہ ٹینکوں کی پیش قدمی مکمل طور پر حیران کن تھی۔

ہدف بنائے گئے علاقے سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر رہنے والے 25 سالہ محمد نے ایک چیٹ ایپ کے ذریعے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’کچھ لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل سکے اور اپنے گھروں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں باہر نکلنے کی اجازت دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔

غزہ کی جنگ اب اپنے 14 ویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے، اسرائیل شمال اور مرکز میں اپنی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کر رہا ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ حماس کو حملے کرنے سے روکنے اور انہیں دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کی مہم ہے۔

ہزاروں فلسطینی باشندوں کو علاقے خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے، جس سے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ انہیں کبھی واپس جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جنگ بندی کے امکانات پہلے سے ہی کم ہو چکے ہیں جب قطر نے کہا کہ وہ اس وقت تک اپنی کوششیں معطل کر رہا ہے جب تک اسرائیل اور حماس دونوں کسی معاہدے پر پہنچنے پر آمادگی ظاہر نہیں کرتے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات اور پیر تک ہونے والے حملوں میں اسرائیل کے دو الگ الگ فضائی حملوں میں نصرات کیمپ میں سات افراد شہید ہوئے۔

شمالی غزہ کے قصبے بیت لہیا میں، جہاں اسرائیلی افواج 5 اکتوبر سے آپریشن کر رہی ہیں، طبی عملے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد شہید ہوئے ہیں۔

بیت لاہیا کے قریب کمال ادوان اسپتال میں طبی عملے نے بتایا کہ ڈرون سے اسرائیلی فائرنگ سے اسپتال میں موجود طبی عملے کے تین ارکان زخمی ہو گیے۔ پیر کے روز ہونے والے تشدد پر اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے اتحادی اسلامی جہاد گروپ کے ایک سینئر کمانڈر محمد ابو سخیل کو ہفتے کے روز غزہ شہر کے ایک کمپاؤنڈ کے اندر ایک کمانڈ سینٹر پر ایک حملے میں شہید کر دیا جو پہلے غزہ شہر میں ایک اسکول کے طور پر کام کرتا تھا۔ فلسطینی طبی عملے کا کہنا ہے کہ اس حملے میں چھ افراد شہید ہوئے ہیں۔

Comments

200 حروف