وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کا عہد کرنا چاہیے جو ان کے انصاف، مساوات اور اعلیٰ ظرفی کے نظریات کی عکاسی کرے۔
وزیراعظم نے قومی شاعر کو ان کی 147ویں سالگرہ پر دلی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، علامہ اقبال کے افکار اور تحریروں نے نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا پر گہرا اثر ڈالا ہے ،اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی علیحدہ شناخت کا ادراک دے کر ایک علیحدہ وطن کا خواب روشن کیا جس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دن ہم اپنے آپ کو ان کے وژن پر عمل کرنے اور ایک ایسی قوم کی تعمیر کرنے کا عہد کریں جو ان کے انصاف، مساوات اور اعلیٰ ظرفی کے نظریات کی عکاسی کرے،آج یہ عہد کریں کہ ہم سب اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
آج یوم اقبال منایا جا رہا ہے
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو ان کے یوم ولادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ان کے افکار اور تقاریر نے مسلمانوں کو اپنے لیے علیحدہ ملک کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کی تحریک دی۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کے پیغام میں اسلامی اقدار، روحانی اور ثقافتی احیاء پر زور دیا گیا جس سے پاکستان کی شناخت تشکیل پائی۔
انہوں نےکہا کہ ان کا وژن آج بھی نوجوانوں کو متاثر کررہا ہے اور پاکستان کی اقدار کو برقرار رکھنے اور ترقی کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے ان کی رہنمائی کرتا ہے۔
دریں اثناء دن کا آغاز مساجد میں عظیم شاعر کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ حکومت نے پہلے ہی آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجے میں تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
Comments