عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 65 ڈالر کی نمایاں کمی سے 2662 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 5400 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 76 ہزار 800 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح دس گرام سونا 4630 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 37 ہزار 311 روپے پر آگیا۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں پچھلے ہفتے کی ریکارڈ بلند سطح 2,790 ڈالر فی اونس سے کم ہو کر 2,662 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق 31 اکتوبر کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی تھی۔
سدرن زون پاکستان جیم اسٹون اینڈ منرلز ایسوسی ایشن (پی جی ایم اے) کے چیئرمین محمد عدنان قادری نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ اگر کملا ہیرس امریکی انتخابات جیت جاتی ہیں تو مارکیٹ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی توقع کررہی تھی جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں آنے کی صورت میں صورتحال الٹ گئی ہے۔
بدھ کو ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں چار سال بعد شاندار واپسی کی ہے اور ڈیموکریٹک نائب صدر کملا ہیرس کو شکست دے کر دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی نے بین الاقوامی مارکیٹ کی حرکیات کو متاثر کیا جس میں سونا بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔
پاکستان سونے کا درآمد کنندہ ہے لہذا اس کی قیمت دو عوامل پر منحصر ہے یعنی بین الاقوامی شرح اور امریکی ڈالر کی قدر پر۔ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ مستحکم ہونے کی وجہ سے اس کمی کی بنیادی وجہ بین الاقوامی شرح میں کمی ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں کی توجہ اب آنے والے فیڈرل ریزرو کے پالیسی ریٹ کے فیصلے پر مرکوز ہے۔
عدنان قادری نے کہا کہ اگر فیڈرل ریزرو اپنی پالیسی ریٹ میں کمی کرتا ہے جس کا بہت زیادہ امکان ہے تو سونے کی قیمت دوبارہ اوپر کی طرف جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر فیڈ اپنا پالیسی موقف برقرار رکھتا ہے تو اس سے سونے کی قیمت اور بھی کم ہوجائے گی۔
Comments