جی سیون گروپ میں شامل 7 ممالک اور 3 اہم اتحادیوں کے وزرائے خارجہ نے منگل کے روز کہا ہے کہ انہیں روس میں شمالی کوریا کے فوجیوں کی تعیناتی اور یوکرین کے خلاف جنگ میں ان کے استعمال کے خدشات پر گہری تشویش ہے۔

وزرا نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کی براہ راست حمایت روس کی اپنی نقصانات کا توازن قائم کرنے کی مایوس کن کوششوں کے علاوہ اس تنازعے کی خطرناک توسیع کو ظاہر کرے گی۔

جی سیون کے رکن ممالک امریکہ، جاپان، اٹلی، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور کینیڈا کے علاوہ جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی اس بیان پر دستخط کیے۔

وزراء نے کہا کہ وہ شمالی کوریا اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعاون کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس میں روس کی جانب سے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کی ’غیر قانونی خریداری‘ بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں شمالی کوریا کو جوہری یا بیلسٹک میزائل سے متعلق ٹیکنالوجی کی منتقلی کے امکانات پر گہری تشویش ہے اور وہ اس نئی پیش رفت کے مؤثر جواب کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

Comments

200 حروف