پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

فوجیوں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور آپریشن کے دوران احمد شاہ نامی ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

ایک اور واقعے میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے کھمرنگ میں پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو پکڑ لیا اور دراندازی کی ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس کے نتیجے میں 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ 3 عسکریت پسند زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے کہہ رہا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے ایدک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں 4 پولیس اہلکاروں اور 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 8 افراد شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

حالیہ ہفتوں میں پاکستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور صوبہ کے پی میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

Comments

200 حروف