وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی رائل کورٹ کے مشیر محمد بن مزیاد التویجری سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف اقتصادی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خالد الفالح کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے وژن 2030 کے پس منظر میں دونوں ممالک کے لئے زبردست اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کے 9 اور 11 اکتوبر کو نجی شعبے کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان کے حالیہ دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان میں دستخط ہونے والے بی ٹو بی ایم او یوز ٹھوس سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں کی شکل اختیار کرنے لگے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 اکتوبر کو ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے آٹھویں ایڈیشن میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔
Comments