پہلی سہ ماہی، ایل ایس ایم کی منفی شرح 0.19 فیصد تک گر گئی، کرنٹ اکائونٹ کا سرپلس کم ہوکر 98 ملین رہ گیا
- حکومت آنے والے مہینوں میں پائیدار اقتصادی بحالی کی توقع کر رہی ہے
پاکستان کے کرنٹ اکائونٹ کا سرپلس رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 98 ملین ڈالر رہ گیا ہے، جو پچھلے سال کی اسی مدت میں زیادہ تھا، جبکہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کا منفی رجحان جولائی تا اگست 2024 میں منفی 2.53 فیصد سے کم ہو کر اسی مدت میں منفی 0.19 فیصد رہ گیا ہے۔
تاہم، ایل ایس ایم کے منفی رجحان میں کمی کے باوجود نجی شعبے کو دئیے جانے والے کریڈٹ میں نمایاں کمی نظر نہیں آتی۔ 13 اکتوبر 2024 تک جولائی میں 247.8 ارب روپے کے منفی کریڈٹ فلو کے مقابلے میں اسی مدت میں 240.9 ارب روپے کا منفی کریڈٹ فلو رہا ہے۔
حکومت آنے والے مہینوں میں پائیدار اقتصادی بحالی کی توقع کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اکتوبر میں مہنگائی 6 سے 7 فیصد کے درمیان رہے گی جبکہ نومبر میں یہ مزید کم ہو کر 5.5 سے 6.5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
اکتوبر کے ماہانہ اقتصادی جائزے میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی معیشت میں مستحکم بحالی کا مظاہرہ ہوا ہے۔ مالی اور بیرونی شعبوں میں استحکام برقرار رہا ہے جسے قابل ذکر مالی آمدنی نے سپورٹ کیا ہے۔ رپورٹ میں عوامی شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے فنڈز کے اجرا سے متعلق معلومات شامل نہیں ہیں۔
کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) افراط زر مسلسل کم ہو رہا ہے اور ستمبر میں 44 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ بیرونی اکاؤنٹ کی صورتحال برآمدات اور ترسیلات زر میں نمایاں اضافے کی وجہ سے بہتر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے برآمدی شعبے نے مثبت ترقی کا مظاہرہ کیا ہے اور جاری کھاتے میں سرپلس حاصل کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔
ایل ایس ایم میں سالانہ ترقی اب بھی منفی ہے تاہم ماہانہ بنیاد پر ترقی بحالی کے آثار ظاہر کر رہی ہے۔ اگرچہ مقامی مارکیٹ کو خاصے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم مستقبل کا منظرنامہ محتاط امید کا اظہار کر رہا ہے۔
مثبت ماہانہ ترقی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے مہینوں میں رفتار برقرار رہ سکتی ہے، جس کی حمایت اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر سازگار معاشی ماحول سے ملے گی۔ آنے والے مہینوں میں افراط زر میں کمی اور مالیاتی استحکام کی تسلسل کے ساتھ معاشی بحالی کو فائدہ پہنچے گا۔
زرعی شعبے میں، کپاس کی پیداوار ابھی بھی تشویش کا باعث ہے، تاہم اس شعبے میں میکانائزیشن اور وسائل کے بہتر انتظام کی کوششیں مالی سال 2025 کے لئے امید افزا ہیں۔ یہ رجحان حکومت کے پائیدار زرعی ترقی کے وسیع ویژن کے مطابق ہے جسے تکنیکی ترقی کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔
ایل ایس ایم میں ماہانہ بنیاد پر اگست 2024 میں 4.7 فیصد کا اضافہ ہوا جو کہ معاشی سرگرمیوں کے احیا کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم مالی سال 2025 کی جولائی سے اگست تک 0.2 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی ہے جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے میں 2.5 فیصد کمی تھی۔
پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت میں بالترتیب 18.1 فیصد اور 17.0 فیصد کا اضافہ ہوا۔ میجر گروتھ میں کاروں کی پیداوار میں 29.9 فیصد، ٹرک اور بسوں میں 95.5 فیصد اور جیپ اور پک اپ میں 34.1 فیصد کا اضافہ شامل ہے۔ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی سیمنٹ کی فراہمی 10.3 ملین ٹن تھیں جن میں سے مقامی فراہمی 8.1 ملین ٹن تھیں۔ سیمنٹ کی برآمدات میں 22.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2.1 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بیرونی شعبے کا استحکام برقرار رہا ہے۔ درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو کہ معاشی بحالی کو فروغ دے رہا ہے۔ موجودہ رجحان کی بنیاد پر توقع ہے کہ اکتوبر 2024 میں برآمدات 2.5 سے 2.8 ارب ڈالر، درآمدات 4.5 سے 4.9 ارب ڈالر اور کارکنوں کی ترسیلات زر 2.8 سے 3.3 ارب ڈالر کی حد میں رہیں گی۔
مالی سال 2025 (جولائی تا ستمبر) کے دوران زرعی مشینری کی درآمدات میں 115.9 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 29.7 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ خریف 2024 کے دوران یوریا کی کھپت 2,746 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈی اے پی کی کھپت 642 ہزار ٹن تھی۔ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کھاد کی مجموعی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال 2025 کے جولائی سے اگست تک گندم تھریشرز کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 22.8 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ تمام عوامل زرعی شعبے کی ترقی پر مثبت اثر ڈالیں گے۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں سی پی آئی افراط زر 9.2 فیصد رہی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 29.0 فیصد تھی۔ ستمبر 2024 میں سالانہ سی پی آئی افراط زر 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ پچھلے مہینے یہ 9.6 فیصد اور ستمبر 2023 میں 31.4 فیصد تھی۔ ماہانہ بنیاد پر ستمبر 2024 میں افراط زر میں 0.5 فیصد کمی آئی جبکہ پچھلے سال اسی ماہ میں یہ 2 فیصد بڑھی تھی۔ افراط زر کے اہم عناصر میں خراب ہونے والی اشیاء خور و نوش 20.4 فیصد، ہاؤسنگ، پانی، گیس اور ایندھن 20.9 فیصد، صحت 13.7 فیصد، کپڑے اور جوتے 15.5 فیصد اور تعلیم 12.6 فیصد شامل ہیں۔
مالی سال 2025 کے جولائی سے اگست کے دوران وفاقی محاصل 20.8 فیصد بڑھ کر 986.7 ارب روپے ہو گئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 816.6 ارب روپے تھے۔ ٹیکس اور غیر ٹیکس آمدنی میں بالترتیب 20.8 فیصد اور 20.6 فیصد اضافہ ہوا۔
غیر ٹیکس آمدنی کا اہم ذریعہ پیٹرولیم لیوی تھی جو 19.6 فیصد بڑھ کر 168.3 ارب روپے ہوگئی جبکہ مالی سال 2025 کے جولائی سے اگست میں کل اخراجات 3.1 فیصد بڑھ کر 1,635.5 ارب روپے ہوگئے،جو گزشتہ سال 1,585.7 بلین روپے تھے۔
پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی وجہ سے مارک اپ اخراجات میں 6.3 فیصد کمی آئی۔ نتیجتاً، مالی خسارہ جی ڈی پی کے 0.7 فیصد تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ سال یہ 0.8 فیصد تھا۔ مزید برآں، بنیادی توازن جی ڈی پی کے 0.05 فیصد کے سرپلس میں رہا۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کی خالص ٹیکس وصولی 25.5 فیصد بڑھ کر 2,562.9 ارب روپے ہوگئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 2,041.5 ارب روپے تھی۔ ستمبر 2024 میں ایف بی آر نے 32.7 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا اور 1,107 ارب روپے جمع کیے جبکہ ستمبر 2023 میں یہ 834 ارب روپے تھا۔ جولائی تا اگست 2025 کے دوران بنیادی خسارہ 65.9 فیصد کم ہوا۔
جاری کھاتے کا خسارہ 0.1 ارب ڈالر تک سکڑ گیا جبکہ گزشتہ سال یہ 1.2 ارب ڈالر تھا۔ تاہم ستمبر 2024 میں مسلسل دوسرے مہینے جاری کھاتے میں سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 771 ملین ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 48.2 فیصد زیادہ ہے۔ اس کا اہم حصہ چین (404 ملین ڈالر)، ہانگ کانگ (99 ملین ڈالر) اور برطانیہ (72.2 ملین ڈالر) سے آیا ہے۔
نجی غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (ایف پی آئی) میں 22.8 ملین ڈالر کی نیٹ آؤٹ فلو جبکہ پبلک ایف پی آئی میں 155.3 ملین ڈالر کی نیٹ انفلو ریکارڈ کی گئی۔ کارکنوں کی ترسیلات زر کی پہلی سہ ماہی میں 8.8 ارب ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح رہی، جس میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ حصہ (24.5 فیصد) رہا۔
1 جولائی تا 30 ستمبر مالی سال 2025 کے دوران منی سپلائی (M2) میں گزشتہ سال کے 0.01 فیصد (1.9 ارب روپے) کے مقابلے میں 0.8 فیصد (290.0 ارب روپے) کی منفی شرح نمو دیکھنے میں آئی۔ نجی شعبے کے کریڈٹ میں خالص ریٹائرمنٹ 127.6 ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 194.5 ارب روپے تھی۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ 2024 کے کامیاب انعقاد نے کاروبار اور مارکیٹ کا اعتماد بحال کیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments