پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے کہا ہے کہ پولیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور اسے صورتحال پر تشویش ہے۔

یہ بات پی ایم اے (سینٹر) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالغفور شورو کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ پی ایم اے کو خاص طور پر سندھ میں پولیو کیسز میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش ہے۔

سانگھڑ میں ایک لڑکی اور میرپورخاص میں ایک لڑکے میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے،صرف سندھ میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایک بیان کے مطابق، سندھ کے 9 اضلاع میں پولیو وائرس کی اطلاع ملی ہے، 12 لیبارٹری میں تصدیق شدہ کیسز اور متعدد ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پی ایم اے حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس نازک صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔ پی ایم اے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔

Comments

200 حروف