انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور آؤٹ فارم بیٹر بابر اعظم کو پلیئنگ الیون سے باہر کردیا گیا ہے۔ یہ تبدیلیاں مہمان ٹیم کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے تناظر میں کی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ہم نے بابر اعظم اور چند دیگر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بابر اعظم اپنی آخری 18 ٹیسٹ اننگز میں نصف سنچری نہیں بنا سکے اور وہ انگلینڈ کیخلاف بھی پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں میں 30 اور دوسری میں صرف 5 رنز بناسکے تھے۔ انگلینڈ نے اس میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز بنانے کے بعد گرین شرٹس کیخلاف ایک اننگز اور 47 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بھی ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ اسپنر ابرار احمد کو بیمار ہونے کے بعد ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔
ابرار کو تیز بخار کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ پہلے ٹیسٹ کے چوتھے اور پانچویں دن نہیں کھیل سکے تھے۔
عاقب جاوید نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم وقفے کے بعد تازہ دم ہوکر واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے اس وقفے سے ان کھلاڑیوں خاص طور پر بابر اعظم کو اپنا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے بہترین ٹیلنٹ میں سے ایک ہیں جن کے پاس پاکستان کی کرکٹ کیلئے بہت کچھ ہے۔
بابر اعظم کی جگہ بیٹنگ لائن اپ میں چوتھے نمبر پر 29 سالہ کامران غلام کو شامل کیا جانا چاہیے۔
وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ اور بائیں ہاتھ کے اسپنر مہران ممتاز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ ممکنہ طور پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کریں گے۔
فاسٹ بولر محمد علی اور آف اسپنر ساجد خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
2016 میں دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد سے بابر اعظم نے صرف پانچ ٹیسٹ میچوں میں شرکت نہیں کی ہے۔ بابر اعظم اپنی پہلی سیریز کے 2، 2018 میں لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف ایک اور نیوزی لینڈ کے دورے میں 2 ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
بابر، شاہین اور نسیم پر تلوار اس وقت گری جب دو دن پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی سلیکشن پینل کو دوبارہ تشکیل دیا تھا جس میں سابق پیسر عاقب جاوید، اظہر علی اور اسد شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔
ایک غیر معمولی اقدام کے طور پر پی سی بی نے ایلیٹ پینل کے سابق امپائر علیم ڈار کو بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا ہے۔
پاکستان کی شکست کے بعد کپتان شان مسعود اور ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی فارم بحال کرنے کے لیے کچھ وقت چاہیے۔
بابر اعظم ایک وقت میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ رینکنگ بیٹسمین تھے اور ون ڈے رینکنگ میں اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
2023 کے آغاز سے ہی ان کی فارم تنزلی کا شکار ہے ۔ انہوں نے گزشتہ 9 ٹیسٹ میچوں میں 21 سے بھی کم کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور انہوں نے آسٹریلیا میں چھ اننگز میں صرف 126 رنز بنائے تھے اور گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ہوم ٹیسٹ میچوں میں 64 رنز بنائے تھے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل، عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد حریرا، محمد رضوان، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان آغا اور زاہد محمود شامل ہیں۔
Comments