پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر نے اعلیٰ سطح حکومتی و کاروباری وفد کے ہمراہ جمعرات کو راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سب سے بڑے کاروباری وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جنرل منیر نے پاکستان کے عوام کی سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور عزم کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کو باہمی طور پر فائدہ پہنچانے والے امید افزا نتائج برآمد ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری وفد کے ہمراہ بدھ کو پاکستان پہنچے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد ائرپورٹ پر معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے سرکاری حکام اور نجی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آمد خوش آئند ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے سرمایہ کاری کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
علیم خان نے کہا کہ اس دورے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات مضبوط ہوں گے اور باہمی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
علیم خان نے کہا کہ پاکستان کی نجی کمپنیاں سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور دوطرفہ کاروبار کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تقریبا 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرنے والا ہے۔
دریں اثناء ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ تین روزہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
Comments