پاکستان

سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی تجارتی وفد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا

  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط متوقع
شائع October 9, 2024 اپ ڈیٹ October 10, 2024

سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سربراہی میں سعودی سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا ہے۔

وفاقی وزراء مصدق ملک، جام کمال خان اور عبدالعلیم نے نور خان ایئر بیس پر وفد کا استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح 9 سے 11 اکتوبر تک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ تین روزہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی وفد کے ساتھ تقریبا 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

سعودی تجارتی وفد کا یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے دو روزہ اجلاس سے چند روز قبل ہو رہا ہے جو 15 اکتوبر سے پاکستان میں منعقد ہورہا ہے۔

اس سے قبل بزنس ریکارڈر نے بتایا تھا کہ 6 سعودی کمپنیوں نے توانائی کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اسلام آباد اور ریاض کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں۔

سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاملات پر اختلافات کی وجہ سے طویل عرصے سے زیر التوا دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ (بی آئی ٹی) سمیت کچھ معاملات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، سعودی عرب نے ہوٹل انڈسٹری، قابل تجدید توانائی کے منصوبے، خاص طور پر جنوبی پنجاب میں سولر پراجیکٹس، ریکوڈک، اور پیٹرو کیمیکل ریفائنری میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

Comments

200 حروف