وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر 14 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین روزہ تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 14، 15 اور 16 اکتوبر 2024 (پیر، منگل اور بدھ) کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور راولپنڈی اضلاع کی حدود میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے تاکہ 23 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے پرامن انعقاد میں سہولت فراہم کی جاسکے۔

پاکستان 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں بلاک کے رہنما شرکت کریں گے۔

حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی سیکیورٹی کے لیے وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج تعینات کردی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھارتی وزارت خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ سبرامنیم جے شنکر رواں ماہ کے اواخر میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا وہ اس موقع پر کسی پاکستانی عہدیدار سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔

وزیر داخلہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ متعدد سربراہان مملکت شرکت کریں گے جو قوم کے لئے ایک اہم اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج، رینجرز، فرنٹیئر کور اور پنجاب پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے حامیوں نے ”پرامن احتجاج“ کے لئے جڑواں شہروں کی طرف مارچ کیا تھا۔

Comments

200 حروف