رواں مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران ملکی برآمدات میں 14.11 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 7.875 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال 24-2023 کے اسی عرصے کے دوران 6.901 ارب ڈالر رہی تھی۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران تجارتی خسارہ 4.24 فیصد بڑھ کر 5.435 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5.214 ارب ڈالر تھا۔

رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ملکی درآمدات میں 9.86 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 13.310 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 12.115 ارب ڈالر تھی۔

ادارہ برائے شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2024 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ سالانہ 20.35 فیصد اضافے کے ساتھ 1.780 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 1.479 ارب ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ستمبر میں برآمدات میں 13.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 2.805 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 2.471 ارب ڈالر تھی۔ درآمدات میں 16.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ستمبر میں یہ 4.585 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 3.950 ارب ڈالر تھی۔

ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 1.89 فیصد بڑھ کر ستمبر میں 1.780 ارب ڈالر رہا جبکہ اگست 2024 میں تجارتی خسارہ 1.747 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ستمبر میں برآمدات 1.56 فیصد اضافے کے ساتھ 2.805 ارب ڈالر رہیں جو اگست 2024 میں 2.762 ارب ڈالر تھیں۔ ستمبر 2024 میں درآمدات میں 1.69 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اگست 2024 میں 4.509 ارب ڈالر کے مقابلے میں 4.585 ارب ڈالر رہی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف