وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نان ٹیکس فائلرز کو جائیداد، گاڑیاں خریدنے اور بینک اکاؤنٹ کھولنے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکس نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس کے لیے نان فائلرز پر کچھ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہول سیل سیکٹر، ڈسٹری بیوٹرز، ریٹیلرز اور رئیل اسٹیٹ کو مناسب انداز میں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور گنے پر سبسڈی مرحلہ وار نظام کے ذریعے کم کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے تمام صوبوں میں یکساں ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو مضبوط بنانے کے لئے تمام صوبے نئے مالیاتی معاہدے پر دستخط کریں گے۔

ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید پانچ لاکھ فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا اور دیگر وسائل کے ذریعے ہم نے لوگوں کا ڈیٹا حاصل کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ آمدنی والے افراد کو حکومت کو مناسب ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

Comments

200 حروف