چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے شہباز شریف کو ان کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر موصول ہونے والا خط دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔

وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جس پر کسی بھی بدلتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

چینی صدر نے رواں سال جون میں وزیراعظم شہباز شریف کے کامیاب دورہ چین کو یاد کیا جس میں دونوں فریقین نے مختلف امور پر معاہدے کیے تھے اور کہا تھا کہ پاک چین تعلقات کی مضبوطی ان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور سی پیک کی تعمیر کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کی صحت اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور نئے دور میں پاک چین کمیونٹی کی مشترکہ منزل کی تعمیر کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

200 حروف