وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ ان کے منافع میں اضافہ ہوسکے۔

وزیراعظم کو ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، اس دوران انہوں نے ایس ایم ایز کو ملکی ترقی کا انجن قرار دیا اور سمیڈا بورڈ کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔

معیشت میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایس ایم ایز سے متعلق فیصلہ سازی میں خواتین کاروباری افراد کو شامل کریں۔

انہوں نے برآمدی مصنوعات کے معیار کو بین الاقوامی طریقوں کے مطابق بلند کرنے اور ایس ایم ایز کے شعبے کی ترقی کے لئے بین الاقوامی شہرت کے ماہرین کو شامل کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم کو ایس ایم ایز کو منافع بخش بنانے، آسان قرضوں تک رسائی، ایس ایم ایز کی برآمدات کے فروغ، ایس ایم ایز میں خواتین کی سہولت اور موسمیاتی تبدیلی سے ان کی ہم آہنگی کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ری سائیکل شدہ مواد کا استعمال کرتے ہوئے ٹیکسٹائل مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کی ٹیکنالوجی متعارف کروا کر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹا جائے گا۔

حکومت ایس ایم ایز کو آسان قرضوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ نیا کاروبار شروع کرسکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کے اداروں کی بہتری کیلئے نئی پالیسی تازہ ترین اعدادوشمار کی بنیاد پر تشکیل دی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ اور رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، گورنراسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، ایف پی سی سی آئی کے صدر اور اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف