کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو اور تجارتی شعبوں کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے لئے گیس کے استعمال کو اولین ترجیح دینے کی تجویز کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی) کو ختم کرنے پر غور کیا جائے۔ لہذا یہ ہدایت کی گئی کہ وفاقی حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سائزنگ میں ایک کیس پیش کیا جائے۔

گیس کی فراہمی کے ترجیحی آرڈر میں تبدیلی کے حوالے سے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی سمری پر ای سی سی نے گھریلو اور تجارتی شعبوں کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے لیے گیس کے استعمال کو اولین ترجیح دیتے ہوئے گیس الاٹمنٹ کی موجودہ ترجیح میں ترمیم کی تجویز کی منظوری دیدی۔

کیپٹو پاور استعمال کرنے والی صنعتوں کے لئے گیس کے استعمال کو کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) سیکٹر کے ساتھ کم ترجیح دی گئی تھی۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے صنعت کو گیس کے استعمال میں سہولت ملے گی کیونکہ انہیں اولین ترجیحی زمرے میں شامل کیا جائے گا۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے پی سی کو 65 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے کی تجویز پر ای سی سی نے اس کے جواز پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ اس ادارے کو بند کرنے پر غور کیا جائے۔ لہذا یہ ہدایت کی گئی کہ وفاقی حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سائزنگ میں ایک کیس پیش کیا جائے۔

ای سی سی نے وزارت مواصلات کی جانب سے کالکٹک چترال 48 کلومیٹر روڈ پراجیکٹ (این 45) سول ورکس کی خریداری سے متعلق سمری کا جائزہ لیا اور وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو پبلک پروکیورمنٹ رول 5 کے مطابق سول ورکس کی خریداری کا اختیار دیا۔

ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ (این ایف ایس آر) کی جانب سے گندم سبسڈی اسکیموں 16-2015 کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے 238.42 ملین روپے کے فنڈز کی فراہمی کی تجویز پر غور کیا۔ ای سی سی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ دستیاب بجٹ وسائل سے فنڈز کا انتظام کرے اور دیرینہ دعووں کو نمٹائے۔

اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف