ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ
انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 8 پیسے بڑھنے کے بعد ڈالر 278 روپے 62 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پیر کو روپیہ 278.70 روپے پر بند ہوا تھا۔
حالیہ مہینوں میں ڈالر کے مقابلے میں ملکی کرنسی بڑی حد تک 277 سے 279 کے آس پاس رہی ہے کیونکہ تاجر کچھ مثبت اشارے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ سے 7 ارب ڈالر کی نئی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی منظوری پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عالمی سطح پر منگل کو ابتدائی ٹریڈنگ میں امریکی ڈالر مستحکم رہا اور ین ایک ماہ کی بلند ترین سطح سے دور چلا گیا کیونکہ سرمایہ کار امریکی افراط زر کے اعدادوشمار کیلئے تیار ہیں اور آئندہ ہفتے سے فیڈرل ریزرو سے شرح سود میں بڑی کٹوتی کی توقعات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔
جمعہ کو ایک مخلوط لیبر رپورٹ اس بارے میں کوئی واضح کیس پیش کرنے میں ناکام رہی کہ آیا فیڈ 17 سے 18 ستمبر کو اپنی پالیسی میٹنگ میں شرح سود میں باقاعدہ 25 بیسس پوائنٹ (بی پی ایس) کٹوتی کرے گا یا 50 بی پی ایس سے زیادہ کرے گا۔
ٹریڈرز اب مزید پالیسی اشارے کے لئے بدھ کو امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں حالانکہ فیڈ نے یہ واضح کیا ہے کہ افراط زر کے مقابلے میں روزگار پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک سروے کے مطابق اگست میں سی پی آئی میں ماہانہ بنیادوں پر 0.2 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
سرمایہ کاروں کی توجہ منگل کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے انتہائی متوقع امریکی صدارتی مباحثے پر بھی ہوگی جو نومبر کے انتخابات پر بھاری پڑسکتی ہے۔
امریکی ڈالر 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 143.30 ین پر بند ہوا جو جمعہ کو ایک ماہ کی کم ترین سطح 141.75 سے کم ہے۔
Comments