وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا۔ انہوں نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں اس مہم کا افتتاح کیا، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے 30 ملین بچوں کو اس خطرناک بیماری کے خلاف حفاظتی قطرے پلانا ہے۔
پیرسے شروع ہونے والی 7 روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت تقریبا 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے شراکت داروں اور دوستانہ بین الاقوامی تنظیموں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے تعاون سے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے میں کامیاب ہوگی۔ وزیر اعظم نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششیں رنگ لائیں گی۔
انہوں نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں وفاقی اور صوبائی حکام، پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں تاحیات معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لئے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments