پاکستان

کراچی میں تیز ہواؤں سے نقصانات، سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان

  • حکام کی بڑے پیمانے پر بارش/آندھی، طوفان کی توقع کے پیش نظر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت
شائع August 30, 2024

کراچی سے 200 کلو میٹر مشرق اور جنوب مشرق میں واقع رن آف کچھ کے اوپربننے والےممکنہ سمندری طوفان کی وجہ سےجمعہ کے روز کراچی میں شدید بارشوں کے باعث ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ڈیپ ڈپریشن دوپہر یا شام کے وقت مزید شدت اختیار کرکے سائیکلونک اسٹورم (سی ایس) میں تبدیل ہوجائے گا۔

پی ایم ڈی الرٹ کے مطابق یہ سسٹم سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مزید مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھتا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست تک کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

۔

دریں اثناء موسلا دھار بارش اور طوفانی ہوائیں دوپہر سے ہی شروع ہو چکی ہیں اور ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات کے کچھ واقعات کی اطلاع ملی ہے۔

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ تین مختلف علاقوں میں درخت گرے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اسٹیڈیم روڈ پر شدید بارش کے باعث درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش سے سیلاب کا امکان ہے جبکہ 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر میں طغیانی کا امکان ہے۔

سندھ کے ماہی گیروں کو 31 اگست تک اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریں اثنا کمشنر کراچی حسن نقوی نے شہر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو آج جمعہ کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

کمشنر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے 147 ملی میٹر (5.79 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انڈین ایکسپریس اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگست میں بحیرہ عرب کے اوپر سمندری طوفان کی تشکیل ایک نایاب واقعہ ہے اور اس طرح کا آخری طوفان 1964 میں آیا تھا۔

Comments

200 حروف