اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 40 کروڑ ڈالر ہوگئے
- ملکی زرمبادلہ کے مجموعی مائع ذخائر 14 ارب 77 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 23 اگست کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں 9 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
ملک کے کل مائع زرمبادلہ کے ذخائر 14.77 ارب ڈالر رہے۔ کمرشل بینکوں کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5.37 ارب ڈالر رہے۔
مرکزی بینک نے ذخائر میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
رپورٹ کے مطابق 23 اگست 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اضافے سے 9 ارب 40 کروڑ 34 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان آئندہ مالی سال (مالی سال 2026) تک مشرق وسطیٰ کے کمرشل بینکوں سے 4 ارب ڈالر تک حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ اسلام آباد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کی منظوری کے لیے درکار 2 ارب ڈالر کی اضافی بیرونی فنانسنگ حاصل کرنے کے ’آخری مراحل‘ میں ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف نے جولائی میں نئے قرض پروگرام پر عملے کی سطح کا معاہدہ کیا تھا، جو قرض دہندہ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری اور ”پاکستان کے ترقیاتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے ضروری مالی یقین دہانیوں کی بروقت تصدیق“ سے مشروط ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اگلے مالی سال اور درمیانی مدت میں ملک کی مجموعی مالیاتی ضروریات آسانی سے پوری ہوجائیں گی۔
Comments