پاکستان کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک فوجی فاؤنڈیشن نے آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ (اے جی ایچ اے) کے شیئرز اور کنٹرولنگ اسٹیک حاصل کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔
اسٹیل بارز اور بلٹ کی مینوفیکچرنگ سے وابستہ اے جی ایچ اے نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اے جی ایچ اے نے اپنے نوٹس میں کہا کہ کمپنی کو ممکنہ خریدار یعنی فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے پبلک اناؤنسمنٹ آف انٹیشن (پی اے آئی) کا نوٹس موصول ہوا ہے جس میں ممکنہ خریدار نے کمپنی کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ فوجی فاؤنڈیشن کی طرف سے انٹیگریٹڈ ایکویٹیز لمیٹڈ کو مینجر ٹو آفر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کے دوران جمعرات کو اے جی ایچ اے کے حصص کی قیمت 10 فیصد یا 1.26 روپے اضافے سے 13.82 روپے پر بند ہوئی۔
فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے دائر کردہ پی اے آئی کے مطابق، اس مرحلے پر حاصل کیے جانے والے حصص کی تعداد کا تعین نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف) ایک ’سوشل ہائبرڈ انٹرپرائز‘ ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی سماجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے جس کے پاس فرٹیلائزر، سیمنٹ، خوراک، بجلی کی پیداوار (تھرمل اور قابل تجدید)، تیل و گیس کی تلاش، ایل پی جی مارکیٹنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن، میرین ٹرمینلز، فنانس سروسز (بینک اور مالیاتی بروکریج) اور روزگار کی خدمات میں کمپنیوں کا اسٹریٹجک پورٹ فولیو ہے۔
کمپنی نے کہاکہ فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف ) مخصوص اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
2020 میں اے جی ایچ اے نے 32 روپے کے حصص کی قیمت پر 120 ملین حصص کی انیشیل پبلک آفر (آئی پی او) کے ذریعے 3.84 ارب روپے کی فنڈنگ حاصل کی تھی۔
Comments