30 جون2024 تک پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) دوگنا ہو کر 19.65 ارب روپے رہا۔

گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی (او ایم سی) نے 9.82 ارب روپے کا منافع ریکارڈ کیا تھا۔

منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 27 اگست کو ہوا جس میں کمپنی کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 10 روپے فی حصص یعنی 100 فیصد کی شرح سے حتمی نقد منافع کا اعلان کیا گیا۔

مالی سال 2024 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 39.04 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فی حصص آمدنی 19.85 روپے تھی۔

گزشتہ سال اس مدت میں 3.54 ٹریلین روپے کے مقابلے میں خالص فروخت بڑھ کر 3.74 ٹریلین روپے ہوگئی، جو تقریبا 6 فیصد اضافہ ہے۔

نتیجتا کمپنی کا مجموعی منافع 33 فیصد بڑھ کر 2024 میں 111.9 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال اس مدت میں 84.4 ارب روپے تھا۔ پی ایس او کا منافع مارجن 2023 کے 2.4 فیصد کے مقابلے میں 2024 میں 3 فیصد تک بڑھ گیا۔

مجموعی بنیادوں پر او ایم سی کی ’دیگر آمدنی‘ 2024 ء میں بڑھ کر 28.3 ارب روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال اس مدت میں 16.8 ارب روپے سے 68 فیصد زیادہ ہے۔

دریں اثناء 2024 میں آپریٹنگ اخراجات 40 فیصد اضافے کے ساتھ 37.7 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ گزشتہ سال اس مدت میں یہ 26.9 ارب روپے تھے۔

اس کے نتیجے میں پی ایس او کا آپریشنل منافع 2024 میں 38 فیصد اضافے کے ساتھ 102.5 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب 30 جون 2024ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران فنانس کی لاگت بڑھ کر 55.97 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 43.41 ارب روپے تھی جو 29 فیصد اضافہ ہے۔ اس مدت کے دوران زیادہ مالی لاگت کی وجہ اس مدت کے دوران سود کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

او ایم سی کا قبل از ٹیکس منافع 2024 میں 36.1 ارب روپے رہا جو 2023 میں 18.2 ارب روپے تھا۔

Comments

200 حروف