ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق 22 اگست 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمت انڈیکیٹر (ایس پی آئی) میں 0.10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پی بی ایس کی جانب سے جاری کردہ ایس پی آئی کے مطابق ٹماٹر (21.96 فیصد)، گندم کا آٹا (2.77 فیصد)، کیلے (2.08 فیصد)، پیاز (1.70 فیصد)، چینی (1.43 فیصد)، چکن (1.25 فیصد)، مسور (1.00 فیصد) اور روٹی (0.61 فیصد) کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔

دوسری جانب انڈے (6.10 فیصد)، دال چنا (6.05 فیصد)، آلو (2.41 فیصد)، پکی ہوئی دال (0.89 فیصد)، سرسوں کا تیل (0.63 فیصد)، گائے کا گوشت (0.47 فیصد)، شرٹنگ (0.43 فیصد)، دودھ تازہ (0.39 فیصد) اور ایل پی جی (0.16 فیصد) کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے 21 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیاء سستی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سالانہ رجحان کے مطابق گیس کے چارجز (پہلی سہ ماہی کے لیے) میں 570 فیصد، پیاز میں 79.51 فیصد، چنے کی دال میں 51.34 فیصد، ٹماٹر میں 28.10 فیصد، پاورڈ ملک میں 26.14 فیصد، مردوں کے سینڈل میں 25.01 فیصد، گوشت میں 23.89 فیصد، مونگ کی دال میں 23.88 فیصد، لہسن میں 22.84 فیصد، نمک پاؤڈر میں 21.36 فیصد، اور جارجٹ میں 15.18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جب کہ گندم کا آٹا (36.12 فیصد)، مرچ پاؤڈر (17.78 فیصد)، پہلی سہ ماہی کے لیے بجلی کے چارجز (16.91 فیصد)، کوکنگ آئل (10.50 فیصد)، پٹرول (10.07 فیصد)، چینی (9.62 فیصد)، ڈیزل (9.22 فیصد)، چاول باسمتی (8.88 فیصد) اور گھی (7.63 فیصد) کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔

ہفتہ وار یا قلیل مدتی بنیادوں پر افراط زر کا اندازہ لگانے کے لئے ایس پی آئی کو ہفتہ وار بنیاد پر شمار کیا جاتا ہے تاکہ کم وقت میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جاسکے۔

ایس پی آئی میں ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے جمع کی جانے والی 51 ضروری اشیاء شامل ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف