بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے بارش سے متاثرہ پہلے روز بائیں ہاتھ کے بلے بازوں سعود شکیل اور صائم ایوب کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر سعود شکیل 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ صائم ایوب نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے صرف 16 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد نئے آنے والے سعود شکیل کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 98 رنز جوڑے۔

شکیل نے اپنے 11 ویں ٹیسٹ کے دوران 33 رنز مکمل کرنے کے بعد 1000 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری 7 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے مزید 44 رنز کا اضافہ کیا جو 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

چار چوکے اور ایک چھکا لگانے والے صائم ایوب آخری سیشن میں حسن محمود کی گیند پر سلپ پوزیشن پر کیچ دے بیٹھے۔

نئی گیند سے بالنگ کرانے والے بنگلہ دیشی فاسٹ بالرز کی جوڑی شریفل اسلام (30 رنز دے کر دو وکٹ) اور محمود (33 رنز دے کر دو وکٹ) نے آغاز میں ہی گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن پر دباؤ قائم کیا۔

شریفل نے میزبان ٹیم کے کپتان شان مسعود کو چھ اور پھر اسٹار بلے باز بابر اعظم کو صفر پر آؤٹ کیا، بابر صرف دو گیندوں کا سامنا کرسکے۔ اس کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے گرین پچ پر بنگلہ دیشی بالرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور چائے کے وقفے تک پاکستان کو 3 وکٹ کے نقصان پر 81 رنز تک محدود رکھا۔

حسن محمود نے مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت دلائی جب عبداللہ شفیق چوتھے اوور میں ذاکر حسن کے ہاتھوں دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد شریفل نے مسعود کو تیز گیند پر کیچ آؤٹ کرایا تاہم جنوبی افریقی امپائر ایڈرین ہولڈ اسٹاک کی جانب سے ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے پر بنگلہ دیشی ٹیم نے ریویو لیا جو کامیاب رہا۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں بابر شریفل کی لیگ سائیڈ پر جانے والے گیند کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر لیٹن داس کو کیچ تھما بیٹھے، وہ ہوم گراؤنڈ پر 14 ٹیسٹ میچز میں پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے ٹیسٹ میں چار فاسٹ بولرز اتار رکھے ہیں جبکہ ٹیم میں کوئی بھی ماہر اسپنر شامل نہیں جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم میں تین فاسٹ بولر اور دو اسپنرز شامل ہیں۔

دو میچوں کی سیریز نو ٹیموں کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، پاکستان اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے اور بنگلہ دیش آٹھویں نمبر پر ہے۔

دو میچوں کی سیریز نو ٹیموں کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، پاکستان اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے اور بنگلہ دیش آٹھویں نمبر پر ہے۔

Comments

200 حروف