ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز شمالی کیرولائنا میں ایک ریلی کا انعقاد کریں گے، جو کہ سابق امریکی صدر کا پہلا اوپن ایئر کمپین ایونٹ ہوگا۔ یاد رہے ایک مہینہ پہلے ایک اوپن ایئر ایونٹ میں ان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی تھی۔

سیکیورٹی اور احتیاطی تدابیر کو شمالی کیرولائنا کے شہر ایشبورو میں ایک ایوی ایشن میوزیم میں سہ پہر کی ریلی کے لیے بڑھا دیا گیا ہے، جس میں ریپبلکن امیدوار کے پوڈیم کے ارد گرد بُلٹ پروف شیشے کا استعمال شامل ہے، امریکی میڈیا نے سیکیورٹی اور کمپین کے عملے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے۔

سیکرٹ سروس نے ٹرمپ کو اوپن ایئر تقریبات منعقد کرنے سے روکنے کی سفارش کی تھی۔ کیونکہ ایجنسی جو کہ صدور اور امیدواروں کی حفاظت کے لیے بنائی گئی ہے، بٹلر، پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ایک چھت پر موجود بندوق بردار کو روکنے میں ناکام رہی، جس نے ٹرمپ کے کان میں گولی مار کر زخمی کر دیا اور ہجوم میں ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹرمپ نے تقریباً درجن بھر انڈور ریلیاں منعقد کی ہیں، اور انہوں نے عوامی طور پر کہا ہے کہ وہ اوپن ایئر تقریبات منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ 31 جولائی کو انہوں نے پنسلوانیا کے ہیرسبرگ کے ایک انڈور ایرینا میں اپنے حامیوں سے کہا کہ ”ہم اوپن ایئر ریلیوں سے دستبردار نہیں ہو رہے ہیں۔“

چند دن پہلے، 78 سالہ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ وہ اوپن ایئر تقریبات منعقد کرتے رہیں گے، ”اور سیکرٹ سروس نے اپنے آپریشن کو کافی حد تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وہ ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔“

سیکرٹ سروس عام طور پر سیکیورٹی آپریشنز پر عوامی طور پر تبصرہ نہیں کرتی ہے ، اس نے بُلٹ پروف شیشے کے استعمال اور دیگر سیکیورٹی تدابیر کی تصدیق کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ کے حفاظتی دستے کا منصوبہ ہے کہ وہ ایشبورو میں ریلی میں شریک ہزاروں لوگوں کے سامنے ایک خصوصی شفاف حفاظتی شیشے کی رکاوٹ کے پیچھے سے خطاب کریں گے۔

یہ شیشہ صدارتی لیموزین میں استعمال ہونے والے شیشے سے ملتا جلتا ہے، جو مسافروں کو فائرنگ سے بچانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

ایشبورو میں ٹرمپ کی ریلی ایک قسم کی کاؤنٹر-پروگرامنگ ہے۔ یہ ریلی شکاگو میں ہونے والے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے تیسرے دن ہو رہی ہے، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے اس تقریب کے ارد گرد اسٹیل کی ایک دیوار قائم کی ہے کنونشن باضابطہ طور پر کمالہ ہیرس کو پارٹی کی 2024 کی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کرتا ہے، کیونکہ صدر جو بائیڈن نے انتخابی دوڑ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

پچھلے مہینے کے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی سیکیورٹی بہت سخت تھی، جو قاتلانہ حملے کی کوشش کے چند دن بعد میلواکی، وسکونسن میں منعقد ہوا تھا۔

ٹرمپ شمالی کیرولائنا ایوی ایشن میوزیم اور ہال آف فیم میں اسٹیج پر آنے والے ہیں، ان کے ساتھ ان کے ساتھی سینیٹ جے ڈی وینس بھی ہوں گے۔

میوزیم نے ہزاروں مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے سیٹ اپ کی گئی بلیچرز کی تصاویر پوسٹ کی ہیں، اور اس کے فیس بک اکاؤنٹ پر ٹرمپ-وینس کمپین کی ہدایات مہمانوں کے لیے دی گئی ہیں کہ ”یہ ایونٹ آؤٹ ڈور ہوگا۔“

شمالی کیرولائنا کو جنوبی ریاستوں میں سے ایک اہم سوئنگ اسٹیٹ سمجھا جاتا ہے۔

Comments

200 حروف