رواں مالی سال 25-2024 کے پہلے ماہ (جولائی) میں ملک نے 64.504 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے جو گزشتہ مالی سال 24-2023 کے اسی عرصے کے 68.113 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5.30 فیصد کی کمی ریکارڈ کرتے ہیں۔

روپے کے لحاظ سے جولائی 2024ء کے دوران ملک نے 17.957 ارب روپے کے موبائل فونز درآمد کیے اور 2023ء کے اسی مہینے کے دوران 19.140 ارب روپے کے مقابلے میں 6.18 فیصد کمی ریکارڈ کی ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 ء میں ماہانہ بنیادوں پر پاکستان کی موبائل فونز کی درآمدات میں 76.84 فیصد کمی واقع ہوئی، جو جون 2024ء میں 278.574 ملین ڈالر کے مقابلے میں 64.504 ملین ڈالر رہی۔

جولائی 2024ء کے دوران ملک میں ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات 102.587 ملین ڈالر رہیں اور جولائی 2023ء کے دوران 90.588 ملین ڈالر کے مقابلے میں 13.25 فیصد اضافہ ہے۔

مالی سال 24-2023کے دوران ملک نے 1.898 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے جو مالی سال 23-2022 کے 570.071 ملین ڈالر کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

مقامی مینوفیکچرنگ/ اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2024 کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) کے دوران 17.34 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار / اسمبل کیے جبکہ تجارتی طور پر 0.84 ملین موبائل ہینڈ سیٹ درآمد کیے گئے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مقامی طور پر تیار / اسمبل ہونے والے 4.26 ملین موبائل ہینڈ سیٹ جون میں فروخت ہوئے جبکہ تجارتی طور پر 0.08 ملین موبائل ہینڈ سیٹ درآمد کیے گئے تھے۔

مقامی مینوفیکچرنگ/ اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2024 کے پہلے پانچ ماہ (جنوری تا مئی) کے دوران 13.08 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار / اسمبل کیے جبکہ تجارتی طور پر 0.76 ملین موبائل ہینڈ سیٹ درآمد کیے گئے تھے۔

مقامی طور پر تیار کردہ / اسمبل کردہ 17.34 ملین موبائل فون ہینڈ سیٹوں میں 6.19 ملین 2 جی اور 11.15 ملین اسمارٹ فونز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق 61 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں جبکہ 39 فیصد پاکستان نیٹ ورک پر 2 جی ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف