افریقن یونین کی صحت کی ایجنسی نے ہفتے کے روز بتایا کہ اس سال کے آغاز سے افریقہ میں مجموعی طور پر منکی پاکس کے 18,737 مشتبہ یا تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 1,200 کیسز ایک ہی ہفتے میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ اعداد و شمار وائرس کی تین اقسام پر مشتمل ہیں، جن میں سے ایک نیا زیادہ مہلک اور زیادہ متعدی کلیڈ 1 بی ہے جس کی وجہ سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کے روز بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا جو ایجنسی کا سب سے بڑا الرٹ ہے۔

افریقہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے ایک بیان میں کہا کہ اب تک، 3,101 تصدیق شدہ اور 15,636 مشتبہ کیسز 12 افریقی یونین کے رکن ممالک سے رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 541 اموات ہوچکی ہیں — جو کہ 2.89 فیصد کی ہلاکت خیزی کی شرح ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ملک، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو(ڈی آر سی) جہاں نئی کلیڈ 1 بی قسم پہلی بار ستمبر 2023 میں دریافت ہوئی تھی، نے ایک ہفتے میں 1,005 کیسز (222 تصدیق شدہ، 783 مشتبہ) اور 24 اموات رپورٹ کی ہیں۔

ڈی آر سی کی تمام 26 صوبوں، جہاں تقریباً 100 ملین افراد رہتے ہیں، نے کیسز رپورٹ کیے ہیں۔ ہمسایہ ملک برونڈی نے 173 کیسز رپورٹ کیے — 39 تصدیق شدہ اور 134 مشتبہ — جس میں ایک ہفتے میں 75 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

افریقہ سی ڈی سی کے مطابق، اس سال کے آغاز سے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2023 کے کل 14,383 کیسز سے زیادہ ہے۔ افریقہ کے باہر منکی پاکس کے پہلے کیسز اس ہفتے سویڈن اور پاکستان میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او جلد ہی اپنی ہنگامی کمیٹی کی پہلی سفارشات شائع کرے گا اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ویکسین کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو جانوروں سے انسانوں میں پھیل سکتی ہے، لیکن یہ انسان سے انسان میں جنسی یا قریبی جسمانی رابطے کے ذریعے بھی پھیل سکتی ہے۔ علامات میں بخار، پٹھوں میں درد، اور بڑے پھوڑے جیسے جلد کے زخم شامل ہیں۔

کلیڈ 1 بی پورے جسم میں جلد پر زخم پیدا کرتا ہے، جبکہ پچھلی اقسام منہ، چہرے یا جنسی اعضا کے ارد گرد زخم پیدا کرتی تھیں۔ یہ بیماری، جو پہلے منکی پوکس کے نام سے جانی جاتی تھی، پہلی بار 1970 میں ڈی آر سی میں انسانوں میں دریافت ہوئی تھی۔ زیادہ مہلک کلیڈ 1 بی دہائیوں سے وسطی افریقہ کے کانگو بیسن میں وبائی حالت میں موجود ہے۔

Comments

200 حروف