پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے اور جیولین تھرو میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ان کے عزم، استقامت اور جذبے سے منسوب کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پیرس اولمپکس 2024 میں اولمپیئن ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے اعزاز میں آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد کیا۔

آرمی چیف نے تاریخی کامیابی کیلئے ارشد ندیم کے متاثر کن سفر پر روشنی ڈالی اور سخت محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم نے انہیں ان کی کامیابی کے شایان شان عزت بخشی ہے۔

آرمی چیف نے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ تمام نوجوانوں یعنی قومی ورثے کو خوشحال پاکستان کی جانب گامزن کرنے کے لئے مدد اور بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے ڈولپمنٹ اور تفریح میں نوجوانوں کی شمولیت کی ضرورت کو اجاگر کیا اور اسے صحتمند اور خوشحال معاشرے کے بنیادی اصولوں کے طور پر اجاگر کیا۔

ایونٹ میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیموں، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور ویمن گول بال ٹیم، کامن ویلتھ، ایس اے ایف اور ایشین گیمز کے میڈل جیتنے والوں اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاء سمیت لیجنڈری اولمپیئنز نے بھی شرکت کی۔

قابل ذکر لیجنڈز شخصیات میں جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق شامل تھے۔ تقریب میں ارشد ندیم کے قریبی رشتہ داروں، ساتھیوں اور کوچز نے بھی شرکت کی۔

ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اس موقع پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، چیلنجز پر قابو پانے اور کامیابی کے حصول کے لیے سخت محنت، مثبت سوچ اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔

Comments

200 حروف