پاکستان کی 78 ویں آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے 104 پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں خدمات اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں قومی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے ۔

صدر مملکت نے سائنس اور انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، انٹرپرینیورشپ، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور پاکستان کے لیے خدمات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پرایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے ۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ ایوارڈز 23 مارچ 2025 کو یوم پاکستان کے موقع پر دیے جائیں گے۔

کھیلوں کے شعبے میں آصف علی زرداری نے حال ہی میں پیرس اولمپکس 2024 میں سونے کا تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ توڑنے والے ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز کا اعلان کیا ہے۔

سابق صدر و وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازنے کی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں معروف کوہ پیما مراد سدپارہ کو بعد از مرگ ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا جو چند روز قبل گلگت بلتستان کی چوٹی پر پھنس گئے تھے، جنہیں بچانے کے لیے فوج کی جانب سے آپریشن شروع کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔

حال ہی میں مستونگ میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پنجگور کے ڈپٹی کمشنر ذاکر حسین بلوچ پر بھی ستارہ شجاعت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Comments

200 حروف