پاکستان

32 لاکھ کا ہدف تھا،58 ہزار سے زائد تاجروں نے رجسٹریشن کروائی

  • تاجروں کی جانب سے ماہانہ ٹیکس کی ادائیگی رواں ماہ سے شروع ہو جائے گی، ایف بی آر
شائع August 13, 2024

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر دوست اسکیم کے تحت 32 لاکھ کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 58ہزار چھوٹے تاجروں/نئے دکانداروں کو رجسٹر کیا ہے۔

ایف بی آر کے ایک سینئر افسر نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ تاجروں کی جانب سے ماہانہ ٹیکس کی ادائیگی اس ماہ (اگست) سے شروع ہو جائے گی۔

تاجر دوست اسکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میر نے پیر کو بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے رواں سال اس مد میں کل 50 ارب روپے کی وصولی کا تخمینہ لگایا ہے۔

نعیم میر نے کہا کہ یہ ایک مشکل ہدف ہے اور اس کیلئے رضاکارانہ طور پر ماہانہ ٹیکس ادائیگی کی قسطیں جمع کرانے کے لیے تاجروں کے مکمل تعاون کی ضرورت ہوگی۔

ایف بی آر نے ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈی جی خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گوجرانوالہ، گجرات، گوادر، حافظ آباد، ہری پور، حیدر آباد،اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی، قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ، نارووال، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت ملک کے 42 شہروں کے تاجروں کے لیے ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس ٹیبل تیار کر لیا ہے۔

دکانوں کے محل وقوع کی بنیاد پر، ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کی طرف سے ادا کیے جانے والے بازار/علاقے کے لحاظ سے آمدنی، انکم ٹیکس اور ماہانہ ایڈوانس ٹیکس جاری کیا ہے۔

ماہانہ ٹیکس ادائیگی کے منصوبے کے تحت 78 فیصد علاقوں/مارکیٹوں میں تاجروں اور دکانداروں کو 5ہزار روپے کا ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ملک کی 14 فیصد مارکیٹوں میں شامل تاجروں کے لیے ماہانہ ٹیکس کی ادائیگی 10ہزار روپے ہوگی۔ 5 فیصد علاقوں میں ٹیکس کی ادائیگی 20 ہزار روپے ماہانہ ہوگی۔ تاجر 2 فیصد علاقوں میں 30 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس قسط کے طور پر ادا کریں گے اور 0.6 فیصد علاقوں میں 45 ہزار روپے ماہانہ ادائیگی کریں گے جبکہ تاجر ملک کی 0.40 فیصد مارکیٹوں میں ماہانہ 60 ہزار روپے ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کریں گے۔

نعیم میر نے مزید کہا کہ اس وقت نئی اسکیم کا فوکس ملک بھر میں چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ تاجروں کے لیے اردو زبان میں ایک سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے انفورسمنٹ مہم کے تحت تاجروں کو ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس جاری کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، لیکن ٹیکس کی ادائیگی کا مسئلہ صرف قومی سطح پر آگاہی مہم کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

تجارتی علاقے میں پچاس مربع فٹ یا اس سے کم کی دکان رکھنے والے یا عارضی دکان یا کھوکا یا کیوسک یا 5 ×3 مربع فٹ سے زیادہ کی چھوٹی دکان رکھنے والے کسی بھی شخص پر سالانہ 1200 روپے کا فکسڈ ایڈوانس ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

”دکاندار“ کی جانب سے ادا کیے جانے والے ٹیکس کی ماہانہ قسط میں ہول سیلرز، ڈیلر، ڈسٹری بیوٹر، ریٹیلر، مینوفیکچرر کم ریٹیلر، امپورٹر کم ریٹیلر، یا ایسا شخص شامل ہے جو ریٹیل اور ہول سیل کی سرگرمی کو کسی دوسرے کاروباری سرگرمی یا سامان کی سپلائی چین میں شامل کسی دوسرے شخص کے ساتھ منسلک ہے۔

نعیم میر نے کہا کہ 25 فیصد رعایت ان تاجروں کے لئے دستیاب ہے جو پورے سال کے لئے ٹیکس کی ادائیگی کا انتخاب کرتے ہیں۔ تاجر، جو یہ سمجھتے ہیں کہ ماہانہ ٹیکس کی ادائیگی کی شرح زیادہ ہے، شرحوں کی اصلاح کے لئے متعلقہ علاقائی ٹیکس دفاتر (آر ٹی اوز) کے پاس جا رہے ہیں۔ تاہم تاجروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ متعلقہ آر ٹی او سے دستخط شدہ / مہر شدہ کاپیاں حاصل کریں جہاں ماہانہ ٹیکس قسط پر اعتراضات جمع کرائے گئے ہیں۔

فنانس بل 2024 کے مطابق تاجر دوست اسکیم کے تحت رجسٹریشن نہ کرانے والے تاجروں اور دکانداروں کے لئے دکان کو سیل کرنے کا جرمانہ متعارف کرایا گیا ہے۔ مزید برآں، کسی دکاندار یا تاجر کی جانب سے اندراج نہ کروانے کو جرم قرار دیا گیا ہے جس کی سزا چھ ماہ قید یا جرمانہ یا دونوں ہو سکتی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف